لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی پر وفاق کے اعتراضات تسلیم کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ وزیر آباد پر بنائی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) پر وفاق نے گزشتہ روز اعتراضات عائد کیے گئے، جس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاق کے تحفظات سے سینئر حکام کو آگاہ کردیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات درست ہیں، لہٰذا جے آئی ٹی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ اگر انٹیلی جنس کے نمائندے شامل نہ ہوں تو پنجاب کے افسران پر مشتمل کمیٹی ہی کہلائے گی۔
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے شامل ہونا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں وفاق کے تحفظات پر مشتمل مراسلے کو صوبائی سب کیبنٹ کمیٹی برائے امن وامان کے اجلاس میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔