اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ نے بحرین انٹرنیشنل ایئر شو 2022 میں جے ایف17 تھنڈر طیارے کی دوران اڑان ایندھن بھرنے کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ آپریشنل مشنز اور مشقوں کے دوران اندرون ملک ہوا سے ہوا میں ایندھن بھرنے کا کامیابی سے انعقاد کرتی رہی ہے، تاہم طویل فاصلے کے فیری مشن کے دوران پی اے ایف کے اپنے ٹینکر طیارے کے ذریعے بین الاقوامی پانیوں پر ہوا سے ہوا میں ایندھن بھرنے کی صلاحیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔
پاک فضائیہ نے اپنے تین جے ایف 17 لڑاکا طیارے بحرین انٹرنیشنل ایئر شو میں اپنے آئی ایل 78 ٹینکر طیارے کی معاونت کے ساتھ تعینات کئے، پاک فضائیہ کی ایک آپریشنل ایئر بیس سے بحرین جانے والے جیٹ طیاروں کی مسلسل پرواز اور انکی وطن واپسی کے دوران جے ایف17 تھنڈر طیاروں کی دورانِ پرواز ری فیولنگ سے پاک فضائیہ نے ایک اور سنگ میل حاصل کیا ہے جو مادر وطن کے ناقابل تسخیر فضائی دفاع کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ غیر معمولی اور اہم کامیابی پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور اچھی تکنیکی تربیت کی عکاسی کرتی ہے، جہاں ایک طرف پاک فضائیہ کا جے ایف17 تھنڈر طیارہ بحرین انٹرنیشنل ایئر شو میں حاضرین کی توجہ کا مرکز رہا وہیں بین الاقوامی پانیوں پر دوران پرواز ایندھن بھرنے کے اس عہد ساز موقع نے پاک فضائیہ کے لڑاکا بیڑے کی صلاحیت، اہلیت اور مہلکیت میں اضافہ کیا ہے۔