راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاک فضائیہ کی بحرین ایئر شو کی افتتاحی تقریب میں شرکت، ایئر شو میں جے ایف 17 لڑاکا طیارہ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایئر شو میں مختلف ممالک کے وفود اور اعلیٰ فوجی حکام کی بڑی تعداد موجود تھی، تقریب میں دیگر طیاروں اور دفاعی آلات کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر تیار کردہ جے ایف17 لڑاکا طیارہ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہا، جے ایف17 طیارے نے ایروبیٹکس کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے ایئر شو میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ ایئر شو میں پاک فضائیہ کے طیاروں کی شرکت قوم کے لئے باعث فخر ہے۔