لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ شریف اور زرداری خاندانوں نے ملک کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا، دونوں خاندانوں کی کرپشن سے ملک بدنام اورکنگال ہوا۔
اپنے صوبائی حلقے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ دونوں خاندانوں نے ذاتی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دی، امپورٹڈ وزیراعظم اپنی کرسی بچانے اور اتحادیوں کو خوش رکھنے کیلئے قومی وسائل ضائع کر رہے ہیں، جہازی سائز وفاقی کابینہ کی کارکردگی مایوس کن ہے، لندن میں بیٹھا عدالتی سزا یافتہ مجرم عوامی لیڈر عمران خان کے مقابلے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔
میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ مفرور مجرم کو قوم کی قسمت کے فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں، عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے، حقیقی آزادی مارچ تحریک نہیں، ایک انقلاب ہے، عمران خان کی قیادت میں جاری تحریک قوم کے روشن مستقبل کے لئے ہے۔