لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں عثمان بزدار پر شراب لائسنس کے اجراء کیلئے اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس کی سماعت ہوئی جس دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت جج نے استفسار کیا کہ کیا نیب کو عثمان بزدار کی حراست درکار ہے؟ اس پر پراسیکیوٹر نیب نے جواب دیا کہ ہمارے پاس سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کے وارنٹ نہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے وکیل نے کہا ہمیں بحث کے لیے تاریخ دے دیں، اس پر نیب پراسیکیوٹر بولے جب وارنٹ ہی نہیں ہیں تو تاریخ کی کیا ضرورت ہے؟
بعد ازاں عدالت نے کیس پر مختصر سماعت کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کردی۔
دوسری جانب احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عثمان بزدار سے صحافی نے سوال کیا کہ جب آپ کے وارنٹ گرفتاری ہی نہیں تو تاریخ لینے کی کیا ضرورت تھی؟ اس پر سابق وزیراعلیٰ نے جواب دیا کہ جب معاملہ عدالت میں ہو تو میرا خیال ہے کہ بات نہیں کرنی چاہیے۔