اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد نے ملاقات کی۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف عاصم منیر اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہے۔
وزیراعظم نے آرمی چیف کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ امید ہے آپ کی سربراہی میں مسلح افواج قومی سلامتی کو درپیش چیلینجز سے احسن انداز میں نمٹیں گی اور اور ملک سے دہشت گردی کی عفریت کو مکمل ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔
My congratulations and best wishes to the Chairman Joint Chiefs of Staff Committee-designate Lt. General Sahir Shamshad Mirza and Chief of the Army Staff-designate Lt. General Asim Munir on their appointment.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) November 24, 2022
وزیراعظم نے آرمی چیف سے کہا کہ آپ کی پیشہ وارانہ لیاقت، ساکھ اور حب الوطنی باعث فخر ہے۔ وزیراعظم نے جنرل عاصم منیر سے گفتگو میں کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ان ذمہ داریوں میں رہنمائی اور مدد فرمائے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے چئیرمن جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدے پر تعیناتی پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مبارک دی اور کہا کہ آپ کی پیشہ وارانہ قابلیت سے مسلح افواج اور پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے جنرل ساحر شمشاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد اور نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے ایوان صدر میں صدرمملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے بھی ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران ملکی سکیورٹی امور سمیت امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ فوجی قیادت کی تقرری کے معاملے پر فیصلہ میرٹ پر کیا گیا۔ سنیارٹی کے اصول پر فیصلہ ادارے کی مضبوطی اور استحکام کا باعث بنے گا۔ سنیارٹی کا اصول اداروں کو مضبوط بناتا ہے۔ معاشی مضبوطی کے لیے قومی مذاکرے کی تجویز پر قائم ہوں۔ معیشت مضبوط ہو گی۔ ملک میں انتشار اور افراتفری کی کوئی گنجائش نہیں۔
یاد رہے کہ سبکدوش ہونے والے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دراصل 2019 میں ریٹائر ہونا تھا تاہم ان کی ریٹائرمنٹ سے تین ماہ قبل وزیر اعظم عمران خان نے اگست 2019 میں ان کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کردی تھی۔