راولپنڈی: ( دنیا نیوز ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، نیب کیسز دوبارہ کھلیں گے، یہ سب جیل جائیں گے، فوج سیاست سے دور ہوتی جارہی ہے۔
راولپنڈی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نیا آرمی چیف سیاستدان نہیں، ملک اور عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا، تمام سیاسی جماعتوں نے انھیں ویلکم کیا، فوج نے سیاست سے دوری کا حتمی فیصلہ کر لیا، 13 جماعتوں کی سیاسی قبر کھودی جاچکی ہے، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، کل 12 بجے حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کروں گا، عوام کے مسائل کی کسی کو فکر نہیں۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک الیکشن کی طرف جارہاہے، کرپشن کے کیسز پر ٹوکرا رکھیں گے، سب جیل جائیں گے، 3 ماہ کی ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ہوگیا، تمام سیاسی جماعتوں نے نئے آرمی چیف کو ویلکم کیا ہے، جی ایچ کیو سے 7 ماہ رابطہ نہیں ہوا، اللہ کا شکر ہے مجھے تنگ نہیں کیا، اپریل، مئی میں الیکشن ہوجانے چاہئیں، لوگ پریشان ہیں انکے پاس بل ادا کرنے کے پیسے نہیں، اسحاق ڈار معاشی ارسطو بن کر آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو غلط فہمی تھی عمران خان 25 دن سمری پر بیٹھا رہے گا، اداروں نے بھی کہا ہے معاشی اور سیاسی عدم استحکام گھمبیر ہوگیا، نیا آرمی چیف سیاستدان نہیں ملک اور عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا، سیاسی استحکام قبل از وقت الیکشن سے آئےگا، نئے دن کا آغاز ہوگیا، اب عوامی رائے اور توقعات کی تکمیل ہوگی، نئے اسکرپٹ میں معاشی، سیاسی عدم استحکام سے نجات کی کوشش ہوگی۔