نئے انتخابات کے اعلان تک احتجاج جاری رہے گا: عمر سرفراز چیمہ

Published On 25 November,2022 06:28 pm

لاہور: ( دنیا نیوز ) مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جارہی، امپورٹڈ حکمران عوامی رائے کا احترام کریں، نئے انتخابات کے اعلان تک احتجاج جاری رہے گا۔

راولپنڈی جلسے کیلئے انتظامات کے حوالے سے اہم بیان میں عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے انتظامات مکمل ہیں، پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جا رہی، پی ٹی آئی جلسے کیلئے سٹیج کی تیاری سے روکنے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، پنجاب پولیس نے راولپنڈی جلسے اور صوبہ بھر میں ریلیوں کی حفاظت کیلئے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد عمران خان کی قیادت میں عوامی سمندر کل راولپنڈی پہنچ رہا ہے، قابض امپورٹڈ ٹولہ اقتدار سے چمٹے رہنے کے بجائے عوامی فیصلے کی راہ کرے، نئے انتخابات کے اعلان تک پی ٹی آئی کا احتجاج جاری رہے گا۔

 امپورٹڈ حکومت کا بغض باطن نتر کر سامنے آگیا

مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ کا بغض باطن نتر کر سامنے آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی مشیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت خوف میں مبتلا ہوکر ملک کے سب سے بڑے لیڈر کی زندگی خطرے میں ڈالنا چاہتی ہے، ثابت ہوگیا کہ کرپٹ ٹولہ عمران خان کی زندگی کے درپے ہے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ٹولے نے آئے روز جلسے، جلوس،مارچ اور احتجاج کیے کسی نے نہیں روکا۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراونڈ اترنے کی اجازت نہ دے کر شہباز شریف،زرداری حکومت نے فسطائیت کی تمام حدیں پار کردیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، امپورٹڈ حکومت کے ہتھکنڈوں کو مسترد کرتے ہیں، عمران خان ہر صورت راولپنڈی پہنچیں گے،ملک کو دیمک کی طرح چاٹنے والے شہباز زرداری ٹولہ کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔

Advertisement