پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Published On 27 November,2022 01:41 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کا دوروزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

قبل ازیں سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد ایف ایٹ کچہری میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا جہاں ایف آئی اے نے پی ٹی آئی سینٹر کے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جبکہ ڈاکٹر بابراعوان اور فیصل چوہدری نے پی ٹی آئی رہنما کی وکالت کی۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ اعظم سواتی کو کچھ متنازع ٹوئٹ کی وجہ سے گرفتارکیا ہے،ٹوئٹر اکاؤنٹ، موبائل اور سامان ریکور کرنا ہے، اعظم سواتی مان رہے ہیں کہ انہوں نے ٹوئٹ کیا ہے۔

وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جو ٹوئٹس کیے ہیں وہ ایف آئی آر پر درج دفعات پر پورا نہیں اترتے،پولیس اور تھانے کے سامنے بیان کی اہمیت نہیں ہے، اعظم سواتی پر پہلے بھی تشدد کیا گیا تھا۔پی ٹی آئ رہنما کی جان کو خطرہ ہے یہ یہاں حفاظت کا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔

متنازعہ ٹوئٹس پر تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی دوبارہ گرفتار
قبل ازیں متنازعہ ٹوئٹس پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔

ایف اے سائبر کرائم ونگ کی تین رکنی ٹیم نے اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں اعظم سواتی کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا۔

ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، انہیں اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم نے گرفتار کیا ہے۔

واضح رہے کہ سینٹر اعظم سواتی نے پاک فوج کے اعلیٰ افسران کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تھا۔

گرفتاری کے دوران اعظم سواتی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ مجسٹریٹ سے وارنٹ لے کر آئے ہیں جو درست طریقہ ہے تو میں ان کے ساتھ جا رہا ہوں لیکن یہ طریقہ غلط ہے کہ پہلے گرفتار کریں پھر تشدد کریں۔

ایف آئی اے نے پی ٹی آئی سینیٹر کیخلاف مقدمہ سائبر کرائم ونگ میں درج کیا، ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمان کی مدعیت میں مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اعظم سواتی کو گزشتہ ماہ 13 اکتوبر کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

 ایف آئی اے کا اعظم سواتی کی گرفتاری پر چیئرمین سینیٹ کو خط
دوسری جانب فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے چیئرمین سینیٹ کو اعظم سواتی سے متعلق باضابطہ آگاہ کر دیا ہے، صادق سنجرانی کو بھیجے گئےخط کے ساتھ ایف آئی آر کی کاپی بھی بھجوائی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مجاز حکام کی اجازت کے بعد اعظم سواتی کو گرفتار کیا گیا۔

Advertisement