راولپنڈی: ( دنیا نیوز ) شمالی وزیرستان کے علاقے جھلر الگاد میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان فرض پر قربان ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجیوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں تلاش کیا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، دہشتگردوں کی فائرنگ سے 25 سالہ سپاہی ناصر خان شہید ہوگئے۔
اس حوالے سے آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے، سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔