کوئٹہ: (دنیا نیوز) سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ ماریں۔
کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام (ف) کےورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہماری صفوں میں دراڑ پیدا نہیں کرسکتی،بلوچستان کا مستقبل اب جمعیت علما اسلام سے وابستہ ہے، پارٹی میں شامل ہونیوالی شخصیات کو خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان کواسلامی اورخوشحال بنانےکےلیے ہمارا قافلہ آگےبڑھ رہا ہے جو منزل تک پہنچ کرہی دم لے گا۔
سربراہ جے یو آئی اور سربراہ پی ڈی ایم نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کوچورچورکہنا کیا اتنا ہی آپ کا منشورہے جبکہ خود گھڑی چور ہو، زیادہ باتیں مت کر ورنہ ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ مارا کرو۔
انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے نام پر عوام سے دھوکہ کیا گیا، 2018 میں اقتدار اسرائیل کو تسلیم کرانے کےلئے حاصل کیا گیا،ہم نے وقت پر میدان میں نکل کر اس منصوبے کو ناکام بنایا۔
ورکرزکنونشن سےخطاب مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں چین کے میگا پراجیکٹ کوتباہ کیا گیا دھرنوں کی وجہ سےچین کےصدر اور سعودی شہزادے کا دورہ پاکستان منسوخ کرنا پڑا،جس دن سعودی شہزادے نے پاکستان آنا تھا اسی دن عمران خان نے اسلام آباد آنے کا اعلان کیا، سازشوں کے باعث آج ہمیں عالمی سطح پر دوستیاں اور اعتماد بحال کرنا پڑ رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بین الاقوامی قوتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کرکے ملک میں سیاسی اضطراب پیدا کررہی ہیں جس سے پارلیمنٹ اور ادارے کمزور ہورہے ہیں، گزشتہ ساڑھےتین سالوں میں معیشت کی عمارت کوزمین بوس کیا گیا، حیران ہوں ہم 6سے7ماہ حکومت میں ہے مزید دلدل کی طرف دھنستے جارہےہیں، سوال یہ ہے کس نے ہمیں پھنسایا، پاکستان کا روپیہ ڈالرکےمقابلے میں کیوں قدرکھوبیٹھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں اسلام کےعلاوہ اورکوئی نظام نہیں ہے قومی وحدت کےلیےجےیوآئی کا پرچم لہراتا رہےگا، ایک طرف جمعیت کا پرچم اوردوسری طرف امن کی فاختائیں اڑرہی ہیں۔