اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی مبینہ بیٹی ٹیریان کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کر دیا۔
عمران خان نا اہلی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی اور اسلام آباد ہائی کورٹ پری ایڈمشن نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جنوری تک جواب طلب کر لیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے شہری محمد ساجد کی درخواست پر پری ایڈمشن نوٹس جاری کیا، عدالت درخواست کے قابل سماعت ہونے پر عمران خان کو سن کر فیصلہ کرے گی۔
شہری کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عمران خان نے مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں چھپایا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عمران خان نے برطانیہ میں رہائش پذیر بیٹی ٹیریان جیڈوائٹ کی گارڈین شپ کیلئے ضروری اقدامات کیے، عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں یہ معلومات چھپائیں، عمران خان صادق اور امین نہیں رہے لہٰذا انہیں بطور رکن اسمبلی نا اہل قرار دیا جائے۔