لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ دسمبر میں ہر صورت پر اسمبلیاں تحلیل ہونگی اور اس حوالے سے ہم میں اتفاق رائے ہے، اگر مسلم لیگ (ق) نے پی ٹی آئی کے ساتھ رہنا ہے تو اسمبلیاں توڑنا پڑیں گی، پرویزالہیٰ اور مونس الہیٰ نے کہا عمران جو بھی فیصلہ کریں گے قبول ہوگا۔
رہنما تحریک انصاف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے نوازشریف،زرداری،فضل الرحمان کی سیاسی لاشوں کا بوجھ اٹھایا ہوا ہے، ہم دیکھتے ہیں وہ کتنی جلدی ان سےنجات حاصل کرتے ہیں، اگراسمبلی کی تحلیل کوآگےکریں گے توحالات مزید خراب ہوجائیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ یہاں پرتوعمران خان کی ایف آئی آردرج نہیں ہورہی توباقیوں کی کیا ہوگی، الیکشن کمیشن کیخلاف متعدد کیسز فائل کئے ہیں جن پر سماعت نہیں ہورہی، عدالتوں کواعظم سواتی،ارشد شریف،شہبازگل کیس کا آزادانہ فیصلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست عوام کے درمیان ہے اورعوام ہی لیڈ کریں گے، ہم پاکستان کوایک جمہوری ریاست بنانا چاہتے ہیں، تمام طاقت ورحلقے عوام کی رائے کےسامنے سرخم تسلیم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ایجنڈا ایک ہی ہے الیکشن کب کرانے ہیں، اس وقت پاکستان کے افغانستان سے تعلقات مکمل خراب ہوچکے ہیں، جلد ازجلد ملک میں انتخابات چاہتے ہیں۔ آئینی کردارمیں اسٹیبلشمنٹ واپس جائے گی تومیڈیا کوپتا چل جائے گا۔
عمران خان 20 دسمبر تک اسمبلیوں کی تحلیل کا ارادہ رکھتے ہیں: مسرت چیمہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان 15 سے 20 دسمبر کے درمیان اسمبلیوں کی تحلیل کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیال احمد کاسترو ایک ہفتے کیلئے وزیر بنے ہیں، وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے عمران خان سے خیال کاسترو کو صرف محکمہ دینے کی بات کی تھی، ان سے پرویز الٰہی نے وزارت دینے کی بات نہیں کی تھی۔
مسرت جمشید چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ وزارت دینے پر عمران خان نے کم لیکن باقی قیادت نے زیادہ ردعمل دیا، وزرات کا حلف نہ ہوتا تو زیادہ بہتر ہوتا، عمران خان کی وزیر آباد واقعہ پر ایف آئی آر درج نہیں ہوتی، باقی ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف ایف آئی آر کیسے درج ہوئی ہم تحقیقات کررہے ہیں۔
پاکستان کے ایسے حالات توجنگ کے دوران بھی نہیں تھے: حماد اظہر
بعدازاں رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے جبکہ حکومت کوسمجھ نہیں آرہی کہ ان کا راستہ کیا ہے، پاکستان کے ایسے حالات توجنگ کے دوران بھی نہیں تھے، کسی وزیرکے پاس کوئی معاشی پلان نہیں ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اس وقت پورا ملک تباہی کا منظر پیش کررہاہے معاشی حالات دن بدن خراب ہوتے جارہےہیں، جس دن ان کے سارے کیسزبند ہوجائیں گے یہ واپس ایون فیلڈ میں پرسکون زندگی گزاریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج لاہور مختلف مارکیٹوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دوران بتایا کہ ایسے حالات کورونا کے دوران بھی نہیں تھے جیسے اب ہوگئے ہیں، انڈسٹریز بند ہونے سے لوگ بے روز گار ہورہے ہیں، خام مال خریدنے کے لئے ایل سی نہیں کھل رہی۔