لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف، زرداری ملک لوٹ کر باہربھاگ جاتے ہیں، الیکشن کا نام سن کر ان کوغشی کے دورے پڑتے ہیں۔ ہمیں افسوس ہے عدالت اپنا رول ادا نہیں کررہی۔مسلم لیگ والے توعوام میں بیٹھ کرکھانا نہیں کھاسکتے، الیکشن کیا لڑیں گے، لگ رہا ہے نوازشریف تو شائد واپس نہ آئے حکمران سارے لندن چلے جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے کہا کہ حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کی، کیا ان دونوں کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے بطورِ مرغا پالا ہوا ہے کہ ہر معاملے میں چونچ مارنا شروع کر دیں۔ ان میں جرات ہونی چاہیے اپنے لیڈران سے این آر او کے بارے میں پوچھیں، اگران کو برا لگتا ہے کہ لوگ انہیں چور، ڈاکو کہتے ہیں تو اپنے لیڈران سے پوچھیں، دونوں جماعتوں کی لیڈرشپ کی لوٹ مار پر کیا کسی کو شک ہے؟ جب آپ کی لیڈرشپ ملک کا پیسہ لوٹے گی توڈاکوہی کہا جائے گا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف، زرداری ملک لوٹ کر باہربھاگ جاتے ہیں، الیکشن کا نام سن کر ان کوغشی کے دورے پڑتے ہیں، رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق اپنے حلقوں میں بھی بغیر گارڈ کے نہیں نکل سکتے، ملک کی75فیصد آبادی کہہ رہی ہے کہ الیکشن ہونے چاہئیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جنرل ضیا الحق، جنرل جیلانی کی پیدا کردہ جماعت ہمیں طعنہ دے انہیں شرم آنی چاہیے، مسلم لیگ کی پیدائش ہی گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہیں، مسلم لیگ کے دونوں وزرائے خزانہ (اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل) آپس میں لڑرہے ہیں، ان کے دونوں وزراء نے ملک کا بیڑہ غرق کیا، ہم الیکشن کی طرف جا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں ادارے آئین کے مطابق چلیں گے، ہمیں افسوس ہے عدالت اپنا رول ادا نہیں کررہی۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ایک صحافی کہہ رہے ہیں جنرل (ر)باجوہ کے کہنے پر رات کو بارہ بجے عدالت کھولی گئی، یہ ہمارے جسٹس سسٹم پرسوالیہ نشان ہے، فیصلے اگر بند کمروں میں ہونگے تو پھر اسٹیبلشمنٹ کو سوچنا ہو گا، عام آدمی کی تو عدالتوں سے انصاف کی توقع ہی اُٹھ گئی ہے، تھوڑی دیر بعد سندھ کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ہو گی، ہمارے فیصلے ہوچکے ہم الیکشن کے لیے تیارہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلا کی متفقہ رائے ہے ملک میں گورنرراج نہیں لگ سکتا، ہم الیکشن کی تاریخ کی طرف بڑھ رہے ہیں، مونس الہیٰ اورایک صحافی کی ٹویٹ پر کیا تبصرہ کروں، زرداری نے جن لوگوں کو پیسے دیئے تھے اب وہ بھی زرداری کا ساتھ دینے کوتیارنہیں، اگرکسی کا دماغی علاج ہونا ہے تو وہی زرداری کے ساتھ جائے گا۔ پی ڈی ایم کی سنجیدگی صرف کیسز ختم کرانا ہے، مریم نوازکیس کی نیب سپریم کورٹ میں اپیل ہی فائل نہیں کر رہا، یہ صرف پیسے لیکربھاگنے کے چکرمیں ہیں، ان کے بچے باہر ہیں ، پاکستان میں کوئی مفاد نہیں، پیپلزپارٹی اورجے یوآئی کے لوگ تو دس دس ہزارتک نہیں چھوڑ رہے، مجھے لگ رہا ہے نوازشریف تو شائد واپس نہ آئے یہ سارے لندن چلے جائیں گے۔ مسلم لیگ والے توعوام میں بیٹھ کرکھانا نہیں کھاسکتے،الیکشن کیا لڑیں گے، اگران کوبرا لگتا ہے کہ ان کے لیڈر کو چور،ڈاکونہ کہا جائے تو لیڈروں سے پوچھیں کرپشن کیوں کیں۔