لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف پنجاب دشمنی میں حدیں عبور کرچکے ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف اپنے اتحادیوں کی خاطر پنجاب کے کاشتکار اورکسانوں کے ساتھ ظلم پر اتر آئے ہیں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ گریٹر تھل کینال معاہدے پر 13دسمبر تک دستخط نہ ہوئے تو معاہدہ ازخود ختم ہوجائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ گریٹر تھل کینال پراجیکٹ ایکنک سے منظور کرایا گیا اور اے ڈی بی معاہدے پر دستخط کی حتمی تاریخ 13دسمبر 2022ہے،ابھی تک وفاق کی طرف سے پیشرفت نہ ہونا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکنک کے اجلاس میں پنجاب نے سندھ کے اعتراضات اعدادوشمار کے ساتھ دور کئے۔ گریٹرتھل کینال فیز I کی تعمیر ومرمت اور بحالی بھی کی جانی تھی، الٰہی گریٹر تھل کینال کا فیز II بننے سے مجموعی طورپر6 لاکھ ایکڑ اراضی کی کاشت کے لئے مزید پانی میسر ہوگا۔
چودھری پرویزالٰہی نے اپنے بیان میں کہا کہ گریٹر تھل کینال میں صرف پنجاب کے حصے کا پانی ہوگا کسی اور صوبے کا نہیں،بصورت دیگر یہ پانی سمندر میں چلا جاتا ہے۔1991واٹر اکارڈ کے تحت گریٹر تھل کینال کے نام کے ساتھ پانی مختص کیا گیا ہے۔1991 کے آبی معاہدے کے تحت بلوچستان کے لئے کچھی کینال اور سندھ کے لئے رینی کینال کا منصوبہ بن چکا ہے۔ خیبر پختونخوا کے لئے چشمہ رائیٹ بینک کینال بھی منظور ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گریٹر تھل کینال پراجیکٹ پر قرضہ حاصل کرنے کے لئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے معاہدے پر دستخط ہونے باقی ہیں۔چودھری پرویزالٰہی 13دسمبر تک اگر گریٹر تھل کینال معاہدے پر دستخط نہ ہوئے تو ایشین ڈویلپمنٹ بینک لون ایگریمنٹ کی مدت ختم ہوجائے گی۔