استعفے ڈرامہ، انتقامی کارروائی کرتے تو نیب کو ویسے کا ویسا رکھتے، فضل الرحمٰن

Published On 16 December,2022 10:05 pm

ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم سربراہ و قائد جمعیت علما اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفے محض ڈرامہ ہیں، اگر ہم انتقامی کارروائی کرتے تو نیب کو ویسے کا ویسا رکھتے، اس لئے ہم نے نیب کے قانون میں ترمیم کی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق ایم پی اے پی ٹی آئی سمیع الله خان علی زئی کی جے یو آئی میں شمولیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران نے کہا میں امریکہ سے توسیع چاہتا ہوں۔

پی ڈی ایم رہنما نے کہا کہ سابق حکومت نے قرضوں پر قرضے لئے، ریکارڈ قرضے پی ٹی آئی حکومت نے لئے ہیں، مشکلات ہر زمانے میں ہوتی ہیں، ہمارے پاس 6 مہینے ہیں، ہم منصوبوں پر افتتاح کر رہے ہیں، مستقبل میں اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آج کا دن اہم ہے، تاریخ کے خوبصورت الفاظ میں لکھا جائے گا، میں علی زئی خاندان کا خیرمقدم کرتا ہوں، جمعیت کی سیاست انسانی خدمت کے لئے ہے، جمعیت کو آج عوامی قوت کے طور پر جانا جاتا ہے، اسلام آباد ہماری دھرتی ہے، اس مٹی کا خمیر ہم میں موجود ہے، یقیناً ہمارا علاقہ بہت پسماندہ علاقہ ہے، 26 دسمبر کو سی پیک کے دوسرے مرحلہ کا آغاز کریں گے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ہمارا علاقہ ایگریکلچر کے لحاظ سے مفید ہے، 12 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کیلئے چشمہ لفٹ کینال، گومل زام ہمارے منشور میں شامل، ڈیرہ تجارتی جنکشن بننے جارہا ہے۔