غیر جمہوری حکومت ملک میں استحکام نہیں لا سکتی، انتخابات ناگزیر ہیں: علی زیدی

Published On 17 December,2022 12:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ غیر جمہوری حکومت ملک میں استحکام نہیں لا سکتی، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے عام انتخابات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علی زیدی نے کہا کہ غیر جمہوری حکومت ملک میں استحکام نہیں لا سکتی، ہمارا مطالبہ قانونی اور قومی جذبات کا آئینہ دار ہے، پی ڈی ایم کو معلوم ہے کہ الیکشن کروائے تو تحریک انصاف جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ اشرافیہ نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، عمران خان ان چوروں کے لئے ڈراؤنا خواب بن چکے ہیں، قوم حوصلہ رکھے، کرپٹ حکمرانوں کے آخری دن ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے عام انتخابات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے عوام کے حقوق سلب کیے ہوئے ہیں، یہ خود کو آئین اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، ہم کسی صورت اس ملک کو لٹیروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔