اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو کو غیر مستند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کےساتھ ہونے والی گفتگو کا کوئی سر ہے نا پاؤں، مختلف آڈیوز کو جوڑا گیا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ثاقب نثار کی آڈیو آئی تھی، آڈیوزکوئی مستند نہیں ہیں، جتنی آڈیوزاس وقت آرہی ہیں سب کو کٹ پیسٹ کر کے جوڑا گیا۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آج وزیر اعلیٰ کے پی کے سے عمران خان کی گفتگو ہوئی ہے، کل پرویز الٰہی اور محمود خان جلسے میں شریک ہوں گے، کل ہی اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کر دیا جائے گا، ہر شہری ملکی حالات پر پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ بنانا اور بیرونی دوروں پر بھیجنا حکومت نہیں ہے، چمن بارڈر کی صورتحال خراب ہے، معاشی بحران میں کوئی بھی دوست ملک ہمارے ساتھ نہیں کھڑا، سفارت خانوں میں دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں، ملک کو استحکام میں لانے کے لیے واحد راستہ انتخابات ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں پی ٹی آئی کو نیچے لانے کے لیے کیا کیا حربے استعمال نہیں کیے جا رہے، ہم اب جس طرح سے آگے بڑھ رہے ہیں ہمیں امید ہے اسمبلیوں کی تحلیل کے فیصلے سے پاکستان میں استحکام آئے گا، عمران خان نے وکلا سے مشاورت مکمل کر لی ہے، مریم نواز ،حمزہ شہباز کے کیسز کو عدالت میں چیلنج کرنے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھ اکہ اس وقت مفتاح اسماعیل اوراسحاق ڈار کے درمیان تماشا لگا ہوا ہے، یہ نااہل اور ناکام حکومت ہے، بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ملک کے مسائل کا واحد حل الیکشن ہے۔