ایبٹ آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حکم پر جمعہ کے روز خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل ہو گی، حکومت نے الیکشن نہ کروائے تو ملک ڈیفالٹ ہو جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے پاس سوائے الیکشن کے کوئی چارہ نہیں، اگر موجودہ حکومت نے الیکشن نہ کروائے تو ملک ڈیفالٹ ہو جائے گا، الیکشن کمیشن جتنی بھی دھاندلی کر لے فتح پاکستان تحریک انصاف کی ہی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نئے الیکشن میں تمام صوبوں اور وفاق میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی، ملکی معیشت صرف نئے انتخابات سے ہی مستحکم ہو گی، ملک میں چوروں اور ڈاکوؤں کی حکومت ہے، پہلے چور ایک ایک کر کے ملک لوٹتے تھے اب سب مل کر ملک کو لوٹ رہے ہیں۔