اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بیرونی سازش کا بیانیہ بے نقاب ہوا تو عدم اعتماد کا الزام سابق چیف پر لگا رہے ہیں، اسمبلی توڑنے کی خواہش صرف ایک شخص کی ہے، عمران خان کی سوچ ڈکٹیٹروں سے مختلف نہیں۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ عمران خان کی دھونس دھمکی کی سیاست نے تحریک انصاف کو ایسی بند گلی میں پہنچا دیا ہے جہاں ان کے پاس سیاسی آپشنز ختم ہو چکے ہیں، یہ پارلیمانی جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں نہ ہی ڈائیلاگ میں، جب آپ جمہوری اور آئینی سیاست کی بجائے فسطائیت کی سیاست کریں گے تو انجام یہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اتحادیوں کے بیچ اختلافات اب سب کے سامنے آ گئے ہیں، تحریک انصاف کے اراکین بھی عمران خان کے فیصلے سے ناخوش ہیں، اس کا مطلب ہے اسمبلی توڑنے کی خواہش صرف ایک ہی شخص کی ہے، ماضی میں اسحاق خان اور ڈکٹیٹروں نے اسمبلیاں توڑی تھیں، عمران خان کی سوچ ان صاحبان سے مختلف نہیں۔
عمران خان کی دھونس دہمکی کی سیاست نے تحریک انصاف کو ایسی بند گلی میں پہنچا دیا ہے جہاں ان کے پاس سیاسی آپشنز ہی ختم ہو چکے ہیں۔ یہ پارلیمانی جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں نا ہی ڈائلاگ میں۔ جب آپ جمہوری اور آئینی سیاست کے بجائے فسطاعیت کی سیاست کرے گے تو انجام یہی ہوگا۔
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) December 19, 2022
شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ ان کو اپنے سیاسی بیانیہ کیلئے کسی نا کسی کو مورد الزام ٹھہرانا پڑتا ہے، بیرونی سازش کا بیانیہ بے نقاب ہوا تو عدم اعتماد کا الزام سابق چیف پر لگا رہے ہیں، ان کو غلط فہمی ہے کہ حکومت اور ادارے دباؤ میں آ کر ان کے مطالبے تسلیم کر لیں گے، اس بند گلی سے ان کو پارلیمنٹ ہی نکال سکتی ہے۔