اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت معیشت کے چیلنجز اور دہشتگردی سے نمٹنے میں ناکام رہی، انتخابات سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے کا واحد راستہ ہے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ معیشت زمین پر لانے کے علاوہ امپورٹڈ حکومت دہشتگردی سے نمٹنے میں ناکام رہی، چمن سے سوات، لکی مروت سے بنوں تک دہشتگردی میں 50 فیصد اضافہ ہوا، حکومت پاک افغان سرحد سے ہونے والے حملوں سے نمٹنے میں بھی ناکام رہی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سپاہی، پولیس اور مقامی لوگ روزانہ جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں، دہشتگردی کے بڑھتے خطرات اور مغربی سرحد پار سے حملوں کا حکومت ذکر تک نہیں کر رہی، ان سب کی دلچسپی صرف این آر او ٹو میں ہے۔
Apart from running our economy to the ground, this Imported govt has failed to deal with the 50% increase in terrorism in Pak with incidents from Chaman to Swat to Lakki Marwat to Bannu; They have also failed to deal with attacks from the international Pak-Afghan border by
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 19, 2022
سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کی زبوں حالی کے باوجود یہ انتخابات کے انعقاد سے گھبرا رہے ہیں، انتخابات ہی سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے کا واحد راستہ ہے۔