اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی ظاہر نہ کرنے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کیخلاف نااہلی کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کیس کی درخواست پر سماعت کی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے، عمران خان کی جانب سے سلمان اکرم راجہ نے وکالت نامہ جمع کرا دیا۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ کئی بار پہلے بھی ہمارے پاس آ چکا ہے، ایسی درخواستیں مسترد ہوتی رہی ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کا وکالت نامہ آگیا ہے، انہیں جواب کے لئے وقت دے رہے ہیں جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 جنوری تک ملتوی کر دی۔