اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے 123 ارکان نے جمعرات کو سپیکر کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی 22 دسمبر کو خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں جمع ہوں گے، ارکان ممکنہ طور پر شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پارلیمنٹ آئیں گے، شاہ محمود قریشی ارکان کو لے کر سپیکر کے سامنے پیش ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے رو برو مستعفی ہونے کی تصدیق کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے تھے کہ تحریک انصاف کے ارکان استعفے دینے کے باوجود تنخواہیں بھی لے رہے ہیں۔
جس کے بعد شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے سپیکر پرویز اشرف کو پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی تصدیق کے لیے خط لکھ دیا ہے۔