لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پہلے اعتماد کا ووٹ لینا ہے یا تحریک عدم اعتماد، اس کا فیصلہ سپیکر پنجاب اسمبلی کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل کی سمری بھیجی جائے گی، اسمبلی کےجاری اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کا نہیں کہا جا سکتا، یہ قانونی معاملے ہیں اس پرسپیکراپنی رولنگ دیں گے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ سپیکر،ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد آئی ہے، چیئرمین پینل اجلاس کو پریزائیڈ کریں گے، پی ڈی ایم الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے، پنجاب اسمبلی کے سپیکر جیسا کہیں گے ہم ویسا کریں گے۔
رانا ثنا کی دھمکی سےمتعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کوئی فیصل آباد کا پلاٹ نہیں جس پر رانا ثنا اللہ قبضہ کر لے گا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مراد سعید نے 6 ماہ پہلے ہی بتایا تھا کہ حالات خراب ہو رہے ہیں، وفاقی حکومت نےتوجہ نہیں دی، دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادتیں ہو رہی ہیں، حکمرانوں کو کوئی مسئلہ نہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ان تمام حالات کے باوجود آپ الیکشن روکنے میں لگے ہوئے ہیں، سپیکرقومی اسمبلی ہمارے استعفے منظورکریں۔