نیویارک: (ویب ڈیسک) پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے خواتین کے حقوق سمیت انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور اور مساوی شرکت کی ضمانت دینے کی ضرورت کے عزم کا اعادہ کر لیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور یو اے ای ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے درمیان ٹیلی فون رابطہ ہوا، انہوں نے افغانستان کی صورتحال سمیت طالبان کی طرف سے افغانستان کی یونیورسٹیوں میں خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام نے خواتین کو اہم مقام دیا ہے اور ان کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے۔
دوران گفتگو دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی سلامتی، امن و استحکام کے لئے اپنے مضبوط موقف کو اجاگر کیا، انہوں نے افغان عوام کے پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لئے بین الاقوامی کوششوں میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔