واشنگٹن : (دنیا نیوز ) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی مفادات امریکا کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، عہدہ سنبھالنے کے بعد خارجہ پالیسی کو اہمیت دی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل ساؤتھ ایشیاء کے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ ہر سطح پر رابطہ رہتا ہے، پاکستان اور امریکا مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں اور دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکتے ہیں، زراعت ، صحت ، اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب کی تباہی سے نمٹنا سب سے بڑا چیلنج ہے، پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی امداد کے حوالے سے اپیل پر انکے مشکور ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال اور یوکرین جنگ نے دنیا کو متاثر کیا، کورونا کی صورتحال سے بھی پوری دنیا کی صورتحال متاثر ہوئی، پاکستان فوڈ سکیورٹی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل کے ماحولیاتی سانحات سے نمٹنا بھی بڑا چیلنج ہے، جون سے ستمبر تک پاکستان میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔