نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور طویل مدت بحالی، آبادکاری اور تعمیرنو کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کیا ہے۔
نیویارک میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان میں محفوظ تعمیر نو اور موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ پاکستان کے موضوع پر اگلے ماہ کی 9 تاریخ کو ہونے والی عالمی کانفرنس کی کامیابی ان کی پہلی ترجیح ہے۔
وزیر خارجہ نے ملک میں تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان سے اظہار یکجہتی، بڑے پیمانے پر امداد کا اعلان اور موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ پاکستان کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کرنے پر سیکرٹری جنرل سے اظہار تشکر کیا۔
بلاول بھٹو نے کانفرنس میں عطیات دینے والے بڑے ملکوں، ترقیاتی ادا روں اور نجی شعبے کی شرکت یقینی بنانے، پاکستان کے جامع منصوبے اور تجاویز کیلئے امداد کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے سیکرٹری جنرل کے مسلسل تعاون پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیر خارجہ کے ترقی پذیر ملکوں کو درپیش چیلنجوں سے فوری طور پر نمٹنے سے متعلق جامع لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے گروپ 77 اور چین کی خصوصی وزارتی کانفرنس کی صدارت کرنے کے بروقت اقدام کو سراہا۔