لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے دعویٰ کیا ہے کہ پرویز الٰہی کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کے لئے نمبرز پورے نہیں، جتنی تاخیر کر لیں اعتماد کا ووٹ لینا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے۔
اجلاس میں مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً پنجاب پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کا ووٹ لینے کے آئینی حکمنامے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پرویز الہیٰ معاملے پر جتنی تاخیر کر لیں انہیں اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کے لئے نمبرز پورے نہیں اور اعتماد کا ووٹ نہ لے پانے سے پنجاب سے پی ٹی آئی حکومت ختم ہو جائے گی۔