اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف اعظم سواتی نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی نے ٹرائل کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر اب ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے ۔
عدالت میں بابر اعوان کی وساطت سے دائر درخواست میں پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مبینہ ٹوئٹس پوسٹ نہیں کیں اورکسی ادارے کو بدنام کرنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں تھا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد بھی پراسیکیوشن کے پاس رہنما تحریک انصاف اعظم سواتی کے خلاف ثبوت نہیں، پٹیشنر کی عمر 75 سال اور وہ عارضہ قلب میں مبتلا ہے، اعظم سواتی کا تمام کیس دستاویزی الزامات پر مبنی ہے، ان کو جیل میں رکھنا ٹرائل سے قبل سزا کے مترادف ہو گا۔
واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے متنازع ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی کے خلاف 26 نومبر 2022 کو مقدمہ درج کیا تھا۔