لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے وزراء اور ممبران اسمبلی نے شرکت کی، اس موقع پنجاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے پارٹی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے حوالے سے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا، شرکاء نے موقف اپنایا کہ چودھری پرویز الہٰی کو اگر اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے مکمل اختیارات دئیے گئے تو وہ الیکشن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پرویز الہیٰ معاملے پر جتنی تاخیر کر لیں انہیں اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے نمبرز پورے نہیں اور اعتماد کا ووٹ نہ لے پانے سے پنجاب سے پی ٹی آئی حکومت ختم ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے وکلاء نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کرنے کیلئے درخواست تیار کر لی۔ اجلاس میں خواجہ سعد رفیق، رانا ثنا اللہ ، طارق بشیر چیمہ، احسن اقبال، ایاز صادق، گورنر پنجاب اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔