لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں شدید دھند کے باعث ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائیٹ آپریشن معطل کر دیا گیا، موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسقط اور جدہ سے آنے والی پی آئی اے کی پروازوں کو ڈائیورٹ کر دیا گیا ہے، مسقط سے آنے والی پرواز کو اسلام آباد جبکہ جدہ سے آنے والی پرواز کو لاہور ڈائیورٹ کر دیا گیا ہے، جدہ اور شارجہ جانے والی 2 پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں، پروازوں کو ڈائیورٹ اور تاخیر سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
ادھر ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور، ملتان موٹروے فیض پور سے سمندری تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے، موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون بھی دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی، موٹروے ایم فورپنڈی بھٹیاں سے عبد الحکیم جبکہ موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے روہڑی تک دھند کہ وجہ سے ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، روڈ کو استعمال کرنے والے آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کریں، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، شہری کسی بھی قسم کی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں جبکہ موٹروے پولیس ہمسفر ایپ سے بھی معلومات لی جا سکتی ہیں۔