موٹروے پر دھند کا راج، پروازوں کا شیڈول متاثر

Published On 22 December,2022 08:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کی اہم قومی شاہراہوں سمیت موٹروے پر دھند نے ڈھیرے جما لیے، ایئرپورٹس پر بھی دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہو رہا ہے۔

شدید دھند کے باعث لاہور، ملتان موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ تک بند کر دیا گیا، موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کر دیا گیا، ایم 3 اور ایم 4 کے تمام تر انٹرچینج بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیے گئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق دھند کے پیش نظر فیصل آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول غیر فعال ہو گیا، ابوظہبی سے فیصل آباد آنے والی پرواز کا رخ لاہور ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا، ایئرپورٹ پر حد نگاہ 500 میٹر تک محدود۔

مزید برآں بحرین سے فیصل آباد آنے والی پرواز جی ایف 790، فیصل آباد سے ابوظہبی جانے والی پرواز 3 ایل 316 اور فیصل آباد سے بحرین جانے والی پرواز جی ایف 791 بھی دھند کے باعث منسوخ کر دی گئی ہیں۔

Advertisement