لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی مشیر داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عدالت نے توشہ خانہ کا ریکارڈ مانگا تو شہباز، زرداری حکومت کو لینے کے دینے پڑ گئے۔
عمر سرفراز چیمہ کا توشہ خانہ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولہ کی توشہ خانہ پر ٹائیں ٹائیں فش کیوں ہوگئی ہے؟ دن رات توشہ خانہ کی رٹ لگانے والوں کو اب توشہ خانہ کی یاد کیوں نہیں ستا رہی؟ انہوں نے کہا کہ عدالت نے توشہ خانہ کا ریکارڈ مانگا تو شہباز زرداری حکومت کو لینے کے دینے پڑ گئے۔
صوبائی مشیر داخلہ و اطلاعات نے کہا کہ جب عدالت نے توشہ خانہ کی تفصیلات مانگیں تو اپنے لیڈروں کی چوری پکڑے جانے کے خوف سے مسلم لیگ ن کے ایم این اے نے اپنا کیس ہی واپس لے لیا، دوسروں پر جھوٹے الزام لگانے والوں نے خود کتنے تحائف لئے اور کیسے غیر قانونی طور پر گاڑیاں اور نوادرات اڑائے سب تفصیلات قوم کے سامنے آنی چاہئیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ریکارڈ سے ثابت ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے توشہ کیساتھ کھلواڑ کیا، نواز شریف، آصف زرداری توشہ خانہ سے قیمتی اشیاء کوڑیوں کے مول لے اڑے، توشہ خانہ کا ریکارڈ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی لوٹ مار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثابت ہو چکا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے قانون کے مطابق گھڑی لی جبکہ باقی حکومتوں نے توشہ خانہ کو مال مفت دل بے رحم کی طرح لوٹا، عمران خان پی ڈی ایم کے توشہ خانہ کے پراپیگنڈا سے بھی صادق اور امین ہو کر نکلے۔
صوبائی مشیر داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے توشہ خانہ سے لوٹ مار نہیں کی تو ریکارڈ عدالت میں جمع کرائے۔