پی ڈی ایم کا تجربہ فیل، صحیح فیصلوں سے ملک پیروں پر کھڑا ہو سکتا ہے: حماد اظہر

Published On 28 December,2022 04:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ معیشت تیزی سے بگڑ رہی ہے، لوگ مایوس ہو رہے ہیں، ایل این جی کو مہنگے داموں ضرورت سے زیادہ خریدا گیا، انہیں آٹھ ماہ بعد یاد آیا ہے روس سے سستا تیل لینا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ ایک سازش کے تحت من پسند لوگوں کو ہم پر مسلط کیا گیا، پی ڈی ایم حکومت کی ناکامی جمہوریت کی ناکامی نہیں، اگر صحیح فیصلہ سازی کی جائے تو اس ملک کو ابھی بھی پیروں پر کھڑا کیا جاسکتا ہے، پی ڈی ایم کا تجربہ فیل ہوگیا ہے،اگر کوئی نیا تجربہ کیا گیا تو وہ بھی فیل ہوجائے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اسلام آباد میں کونسلر الیکشن سے بھی فرار اختیار کر گئی، کوئی بھی سنجیدہ معاشی ماہر ان کی پالیسیوں کو نہیں سمجھ سکے گا، جس نہج پر معاملات کو لے جایا جارہا ہے، کوئی منصوبہ سازی نہیں ہورہی، مہنگائی 30 فیصد بڑھ گئی ہے،روزگار نہیں ہے، ہمیشہ کی طرح یہ تجربہ بھی ناکام ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہیں اور سے آئے ہیں اور کہیں اور ہی غائب ہوجائیں گے، یہ جمہوری طریقے سے ہم پر مسلط نہیں ہوئے، معیشت بگڑ رہی ہے، آج تک سردیوں میں ایسا بحران کبھی نہیں آیا، بجلی خریدنے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔  

Advertisement