اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ضلع کرم میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اپنے تعزیتی بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہداء صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان، سپاہی عبدالرحمان کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سلام پیش کیا، اس موقع پر صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سیکورٹی فورسز اور قوم کی کوششیں جاری رہیں گی، اس موقع پر صدر مملکت نے لواحقین سے ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔