پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، اہم شاہرائیں بند

Published On 30 December,2022 06:25 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز سمیت اہم شاہراؤں کو بند کر دیا گیا جبکہ موٹروے پولیس نے سفر کرنے والے شہریوں کیلئے اہم ہدایات بھی جاری کر دیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم الیون لاہور تا سیالکوٹ جبکہ لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹرویز سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹر وے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن تک جبکہ موٹروے ایم فور کو گوجرہ سے عبدالحکیم تک بند کیا گیا ہے۔

سید عمران احمد کا کہنا تھا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں اورغیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

عمران احمد نے مزید کہا کہ روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں جبکہ موٹروے پولیس ہمسفر ایپ سے بھی معلومات لی جاسکتی ہیں۔

Advertisement