پنجاب میں شدید دھند، اہم شاہرائیں بند، ملتان ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل

Published On 26 December,2022 06:53 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث موٹرویز اور دیگر اہم شاہراؤں کو بند جبکہ ملتان ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن کو معطل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر ویز پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن جبکہ لاہور ملتان موٹر وے فیض پور سے درخانہ تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ہے۔

ترجمان موٹر ویز نے بتایا کہ موٹر وے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم جبکہ موٹر وے ایم 5 کو شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک بند کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز گاڑی کے آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں۔

انہوں نے کہا کہ شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں ،روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

دوسری جانب ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے جس کے باعث کراچی سے آنے اور جانے والی دو پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی اور شارجہ جانے والی دو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

Advertisement