اسلام آباد: (دنیا نیوز) دہشتگردی کی حالیہ لہر اور معیشت کی دگرگوں صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہو رہا ہے جس میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزرا بھی شریک ہیں۔
اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہیں۔
عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جا رہی ہے جبکہ اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق عسکری حکام کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مرکز اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے نیکٹا کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ حملوں پر بریفنگ دی گئی، انیٹلی جنس اداروں کی بریفنگ کی روشنی میں قومی سلامتی کمیٹی اہم فیصلوں کی منظوری دے گی۔