اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کا از خود نوٹس سماعت کیلئے مقرر کر دیا، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ 5 جنوری کو سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے صحافی ارشد شریف قتل کیس پر ازخود نوٹس کی سماعت دن ایک بجے ہوگی اس حوالے سے عدالت عظمیٰ نے سپیشل جے آئی ٹی سے تحقیقات کی عبوری رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے جبکہ سماعت سے قبل رجسٹرار سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں۔
واضح رہے معروف صحافی ارشد شریف کو کینیا میں پولیس کی جانب سے بے رحمانہ طریقے سے قتل کیا گیا تھا اس بعد کینین پولیس نے موقف اختیار کیا تھا کہ ارشد شریف غلط شناخت کی وجہ سے گولیوں کا نشانہ بنے ہیں، لیکن پوسٹمارٹم رپورٹ نے کیس کا رخ یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا۔