کراچی کا مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے: خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال

Published On 03 January,2023 11:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتخابات جیتنا سب کا حق ہے لیکن انتخابات چھیننے نہیں دیں گے، ہم مل کر کراچی کے مینڈیٹ کو چھیننے نہیں دیں گے۔

پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات آ رہے ہیں، کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، شہر کی بقا کیلئے متحد ہونا ضروری ہے، اگر جعلی مردم شماری، حلقہ بندیوں کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کرائیں گے پھر نتائج کوئی نہیں مانے گا۔

سربراہ ایم کیوایم پاکستان نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کے سب سیاسی ضروریات اور شناخت سے نکل کر مشترکہ جدوجہد کریں، کراچی کی معیشت سے ملک کی معیشت جڑی ہے، سب چاہتے ہیں پورے پاکستان میں ترڈ ٹئیر میں قانون سازی کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان کا حلقہ بندیوں کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ

اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کو خوش آمدید کہتا ہوں، کراچی کوئی مقبوضہ شہر نہیں ہے، شہر کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں، اجتماعی طور پر کراچی کے فائدے کی بات کریں گے، پہلے بھی ذاتی مفاد نہیں دیکھا آئندہ بھی نہیں دیکھیں گے، شہر کے ایشوز پر کوئی بھی آواز اٹھائے سپورٹ کریں گے، اجتماعی طور پر جو بھی فائدے کی بات ہو گی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کیلئے مشکل فیصلے بھی کرنے پڑے تو کریں گے، پہلے بھی دعوت دی، کارکنوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، کوئی دو رائے نہیں ہے ملکی مسائل کو کوئی ایک پارٹی حل نہیں کر سکتی، معاشی بدحالی سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتا ہے، جعلی ڈومیسائل بنا کر شہر کے لوگوں کو نوکریاں نہیں دی جاتیں، کراچی، حیدرآباد کے لوگوں کو نوکریاں کا حق نہیں ملتا۔
 

Advertisement