کراچی: (دنیا نیوز) سینئر رہنما ایم کیو ایم مصطفی کمال نے کہا ہے کہ دو دن پہلے الیکشن لڑنے والوں نے سندھ کے شہری علاقوں کے لوگوں سے غداری کی۔
پی آئی بی کے ایم سی گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی قبضہ کرنے والوں کے نشانے پر ہے، آج سے دو دن پہلے لوگوں کے دل جیتنے کے بجائے اس شہر پر قبضے کی کوشش کی گئی، منصوبہ کرنے والوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ تمہارے خواب ہماری موجودگی میں شرمندہ تعبیر نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ عوامی جلسہ نہیں یہ کارکنان کا اجلاس ہے، جیتنے والو آنکھیں کھول کر دیکھو تم اس سے آدھے لوگ بھی جلسے میں جمع نہیں کر سکتے، میرے ہاتھ میں بلدیاتی قانون ایکٹ کے سیکشن 10 اے کو ختم کرنے کا لیٹر ہے، پیپلز پارٹی نے اپنی غلطی تسلیم کی کہ ہم سے کراچی حیدر آباد کی حلقہ بندیاں غلط ہوئیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم مہینوں سے مذاکرات کر رہی تھی کہ کراچی کی 70 سیٹیں کم کر دی گئی ہیں، 70 سیٹوں کے حق نمائندگی پر شب خون مارا گیا ان سیٹوں پر ایک پورا شہر بنتا ہے، وہ پیپلز پارٹی کی حکومت جو اپنی غلطی نہیں مانتی 53 سیٹوں پر اپنی غلطی مانی، جو لوگ ہمیں منتشر دیکھ کر کراچی پر قبضے کا خواب دیکھ رہے تھے ہمیں ساتھ دیکھ کر وہ بد حواس ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج سے کچھ سال پہلے ایک پارٹی کو بھی جعلی مینڈیٹ لے کر جتوایا گیا آج وہ پورے پاکستان میں رسوا ہے، آپ کو ہم گھر سے نہیں نکلنے دیں گے ہم کراچی کے بچے بچے کو بتائیں گے کہ تم نے شہر سے بے وفائی کی، جائز مردم شماری ہو جائے تو اس شہر کی نشستیں دگنی ثابت ہوں گی۔