کراچی : ( دنیا نیوز ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے مل جل کر کام کرنے پر سب کا اتفاق ہے، پی ایس پی رہنما ء کراچی کے مسائل پر کام کر رہے ہیں، کراچی سب کا دوست ہے مگر اس کا کوئی دوست نہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے مختلف دھڑوں کو ایک کرنے کیلئے پاکستان ہاؤس آکر پی ایس پی رہنماؤں سے ملاقات کی، پاکستان ہاؤس پہنچنے پر گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سربراہ پی ایس پی مصطفی کمال کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کراچی سب کے لئے کھڑا رہا مگر اس کے لئے کوئی کھڑا نہیں ہوا، کراچی میں پانی، بجلی اور گیس نہیں ، ہم سب کیا کررہے ہیں، ٹوٹی سڑکیں ، ابلتے گٹر ، گندی گلیاں ، کس بات کی سزا دی جا رہی ہے، بجلی پانی نہیں دے سکتے ، عزت تو دے سکتے ہو۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کسی نے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کا نہیں کہا، اب نہیں تو کبھی نہیں، ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا، کراچی کے لوگ ناراض ہیں کیونکہ ہم نے ان کیلئے کوئی کام نہیں کیا، پاکستان ہمارا ہے اور ہم اس کے لئے مل کر کام کریں گے، ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش ختم کرنا ہوگی، مل جل کر کراچی کیلئے کام کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے ، کوئی ایک جماعت ملک کے مسائل حل نہیں کرسکتی، قومی مفاد کیلئے اپنی ذاتی سیاست کو پیچھے رکھنا ہوگا، مسائل کا شکار عوام اچھی خبر سننا چاہتے ہیں، پاکستان کو مسائل سے صرف کراچی ہی نکال سکتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم سے براہ راست یا خفیہ کوئی بات نہیں ہوئی، گورنر سندھ ہمارے بھائی ہیں، ان سے دو بار ملاقات ہوچکی ہے، گورنر صاحب نے کہا کہ کراچی کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے، عوامی مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم صاحب سے ملاقات کی تھی۔