الیکشن کمیشن سندھ کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی نئی درخواست

Published On 05 January,2023 11:37 am

کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن سندھ کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے نئی درخواست بھیج دی گئی جس میں کمشنر حیدر آباد نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کمشنر حیدر آباد کی جانب سے الیکشن کمیشن سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ضلع دادو سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ میں اب تک سیلابی پانی موجود ہے اور کوشش کے باوجود پانی کی نکاسی ممکن نہیں ہوسکی ہے، شگاف بھرنے کا کام بھی جاری ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں عوام کی رسائی اور نقل و حرکت دشوار ہے، میہڑ اور خیر پور ناتھن شاہ میں 12 ہزار خاندان اب تک بے گھر ہیں، ان حالات میں پرامن پولنگ اور ٹرن آؤٹ بہتر نہیں ہوسکے گا، موجودہ صورتحال میں ان دو حلقوں میں 1 سے 2 ماہ کے لیے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔

دوسری جانب کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں 15 جنوری کو مقرر بلدیاتی الیکشن کے معاملے میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن مانیٹرنگ ٹیم نے کارروائی کی ہے۔

ضلع کیماڑی میں ترقیاتی کاموں کی شکایت پر ڈی ایم او محمد حنیف نے تنبیہ جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران ترقیاتی منصوبے کا اعلان یا فنڈز کےاجرا پر پابندی ہے، ڈی ایم او (ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر) کیماڑی نے بلدیاتی امیدواروں کو خط کے ذریعے بتایا کہ انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر کارنر میٹنگ پر پابندی ہے۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن جامشورو کی مانیٹرنگ ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد اور انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
 

Advertisement