عمران خان اچھے سیاست دان ضرور لیکن اچھے پالیسی میکر نہیں: مفتاح اسماعیل

Published On 06 January,2023 10:26 am

کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان اچھے سیاست دان ہیں لیکن اچھے پالیسی میکر نہیں۔

سوشل میڈیا کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جتنا عمران خان کو وزیر اعظم بننے کا شوق ہے اتنا پاکستان میں کسی کو نہیں ہے مگر وزیر اعظم بننے کے بعد کیا کرنا ہے اس کے بعد خان صاحب کو کوئی آئیڈیا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دان کا ایک وژن ہوتا ہے اور ایک سوچ ہوتی ہے، خان صاحب آج کچھ کہتے ہیں کل کچھ، سب کے قول میں فرق ہوتا ہے لیکن عمران خان کے قول میں بہت فرق ہوتا ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاست دان اچھے ہیں، ادھر تک کوئی پہنچ نہیں سکتا جسے سیاست نہ آتی ہو لیکن اچھے پالیسی میکر نہیں، ان کی 4 سالہ حکومت میں بہتری نظر نہیں آئی۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری حکومت میں ہم نے ایک بڑا کام ملک کو اس وقت ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، شہباز شریف نے سیاسی کیپیٹل خرچ کیا، پارٹی کے لوگ ہم سے خائف تھے اور میرے خلاف تھے۔
 

Advertisement