لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی زبردستی پنجاب پر مسلط ہیں، ان کو معلوم ہے کہ ان کے نمبر پورے نہیں، انہیں ہر صورت اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، عمرانی ٹولے کے تمام ڈرامے باز انجام کو پہنچنے والے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کے پاس عددی اکثریت نہیں، کم عددی اکثریت سے حکومت کررہے ہیں، ہم نے کبھی نہیں کہا ہمارے پاس 186 ووٹ ہیں، ہمارے پاس 179 ارکان ہیں، ان کے پاس 186 ارکان کے ووٹ کی حمایت نہیں، یہ کوئی داؤ لگانے کی کوشش میں ہیں ہم پوری طرح تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بوکھلاہٹ ان کو ان کے انجام کے اور زیادہ قریب کرے گی، ان کو اعتماد کا ووٹ ہر صورت پر لینا پڑے گا، پنجاب کو گزشتہ 3ماہ میں بری طرح لوٹا گیا، پنجاب کی لوٹ مار میں پورا عمرانی ٹولہ ملوث ہے، عمرانی ٹولے کا مکروہ چہرہ بہت جلد بے نقاب ہونے والا ہے۔
جنیوا کانفرنس میں پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے امداد کے اعلان بارے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پوری دنیا نے پاکستان کی مدد کی، عالمی امداد پاکستان سے ہمدردی کا اظہار ہے، ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، امداد قرض نہیں بلکہ 11 ارب روپے کی گرانٹ ہے، عمران ٹولے نے ملک کو جس دلدل میں پھینکا امداد اس سے نکلنے میں مدد کرے گی
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عالمی امداد کے بعد ڈالرز نیچے آئے گا اور مہنگائی کم ہو گی، اللہ کا شکر اور قوم کو مبارک ہو کہ پوری دنیا پاکستان کیساتھ کھڑی ہے، نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا تھا، اسی سال الیکشن کے بعد ن لیگ اور اتحادی ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔