لاہور: (دنیا نیوز) وزیر آباد میں عمران خان پر فائرنگ کی تحقیقات پر قائم جے آئی ٹی کے 4 ارکان نے اختلافی نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور ایک سے زیادہ ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، ملزم وقاص کا کردار محض سہولت کار کا ہے۔
اختلافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ منصوبہ بندی میں کسی دوسرے شخص کی شمولیت ثابت نہیں ہو سکی، معظم کی موت کی ذمہ داری کے حوالے سے کوئی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔
جے آئی ٹی ارکان کا اختلافی نوٹ میں مزید کہنا تھا کہ کنوینئر اور کوآپٹڈ ممبر انور شاہ نےانکوائری کی، جے آئی ٹی ارکان اور دیگر ممبران کی رائے کو مناسب اہمیت نہیں دی گئی، کسی پیشہ ورانہ ان پٹ کی اجازت نہیں دی گئی، 17 دسمبر کو جے آئی ٹی کے ایک ممبر نےشدید اعتراض کیا۔
جےآئی ٹی ارکان نے مزید کہا کہ اعتراض کرنے والے ممبر کو 29 دسمبر کے اجلاس میں نہیں بلایا گیا، ٹیم نےنتیجہ اخذ کیا نہ رپورٹ پیش کی، رپورٹ کو میڈیا پر موضوع بحث بنانا قبل از وقت اور بدنیتی پر مبنی ہے۔
جےآئی ٹی ارکان نے دستخطوں کے ساتھ اختلافی نوٹ سی سی پی او لاہور کو بھجوا دیا، اختلافی نوٹ آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کو بھی بھجوا دیا گیا۔