اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر سے متعلق دستاویزی ثبوت طلب کر لیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے بانی ایم کیوایم کو شناختی کارڈ جاری کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ایم کیوایم کے ذمہ داروں نے کون سی قرارداد منظورکی؟ طارق جاوید نام کے شخص نے لندن سے درخواست دائرکی ہے، طارق جاوید کون ہیں؟
عدالت کے استفسار پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ طارق جاوید پاکستان میں رجسٹرڈ ایم کیوایم کے کنوینر ہیں۔
اس پر جسٹس محسن اختر نے کہا کہ طارق جاوید کنوینر ہیں تو یہ دستاویزات سے ثابت کرنا ہو گا، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینرکون ہیں؟ 15 مارچ تک دستاویزی ثبوت جمع کرائے جائیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی۔