پاکستان اور سعودی عرب ایک جسم دو قالب ہیں، امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس

Published On 12 January,2023 07:39 pm

ریاض: (دنیا نیوز) امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک جسم دو قالب ہیں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیتا رہے گا۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ سینیٹرڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس سے ملاقات کی، ریاض میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس نے کہا کہ اسلام مساوات ، رواداری اور امن کا درس دیتا ہے، اسلام میں دہشت گردی کی گنجائش نہیں ہے، پاکستان اُمت مسلمہ کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے اور وہ خطّے میں قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ حج 2023ء کے لیے عازمین کی تعداد کی حد ختم کر دی گئی ہے، اب انشا اللہ حج کورونا سے پہلے کی طرح ہو گا، اس سال عازمین حج کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہوگی، مسلمانوں کی عملی رہنمائی کے لیے علما کرام کو اپنے عمل اور کردار میں خود کو نمونہ بننا چاہیے۔

ملاقات کے دوران سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ رواں سال حج سیزن میں کورونا پابندیوں کا خاتمہ خوش آئند ہے، پاکستان کے کوٹے کی بحالی اور حج کے مثالی انتظامات کی تیاریوں پر ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
 

Advertisement