اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی چودھری مسعود احمد کے خلاف ریفرنس کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ایک اور نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے نوٹس میں کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 18 جنوری کو خود یا بذریعہ وکیل پیش ہوں، رکن پنجاب اسمبلی چودھری مسعود کے خلاف انحراف کا ڈیکلیریشن آپ کی طرف سے موصول ہوا، سپیکر پنجاب اسمبلی کے ذریعے یہ ڈیکلیریشن بھیجا گیا، معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر دیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 جنوری کی تاریخ سماعت کیلئے مقرر کی ہے، مقررہ تاریخ کو دن 10 بجے کمیشن کے رو برو پیش ہوں، پیش نہ ہونے کی صورت میں آپ کی عدم موجودگی پر کارروائی کی جائے گی، عمران خان کو نوٹس بنی گالہ کے پتے پر بھیجا گیا۔
دوسری جانب عمران خان کو بھیجے جانے والے نوٹس میں غلطی سامنے آ گئی، نوٹس میں طلبی کی تاریخ 18 جنوری کے بجائے 18 دسمبر لکھی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس میں ممبر پنجاب اسمبلی کا نام بھی غلط درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے، رکن پنجاب اسمبلی کا نوٹس میں ایک جگہ نام چودھری مسعود احمد تحریر ہے، نوٹس میں دوسری جگہ رکن پنجاب اسمبلی کا نام چودھری محبوب لکھا گیا ہے، نوٹس میں عمران کو 18 دسمبر 2023 کو طلب کیا گیا ہے۔