اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چار سال پنجاب کے وسائل لوٹنے والوں سے صوبہ پاک ہو گیا، الحمدللہ پنجاب کے وسائل اور پنجاب کے عوام کی محنت کی کمائی سے ہیرے کی انگوٹھیاں خریدنے والوں کو پنجاب کی عوام پہچان گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارن ایجنٹ کا وفاق کی طرح ووٹ اور الیکشن کی طاقت سے پنجاب سے بھی صفایا کریں گے، ووٹ کی طاقت سے ان لٹیروں، فارن ایجنٹس اور فرنٹ مینوں کا خاتمہ کریں گے، چار سال فرح گوگی اور فرنٹ مینوں کے ذریعے وفاق اور پنجاب کو لوٹا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں پھر خوش حالی کا دور شروع کریں گے، پنجاب کے عوام مفت علاج اور تعلیم، بہترین سڑکیں بنانے والوں کو ووٹ دیں گے، پنجاب میں ترقی کے رکے عمل کو پھر سے شروع کریں گے، چار سال میں پنجاب کے عوام سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ ملک کو ڈیفالفٹ کے کنارے دھکیلنے والوں کو عوام ووٹ نہیں دیں گے، پنجاب کے باشعور عوام اپنی ترقی کو ووٹ دیں گے، پنجاب کے عوام بہروپیوں، فارن ایجنٹس اور چوروں کو ووٹ نہیں دیں گے، پنجاب کو لوٹنے، اجاڑنے اور ویران کرنے والوں کو عوام ووٹ نہیں دیں گے۔